کومل اسلم: لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک بار پھر اضافہ ہونے سے فضائی آلودگی شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی۔ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 513 تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج سرفہرست ہے۔
لاہور کی فضا آلودہ ترین ہونے پر دنیا میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 344 ریکارڈکیا گیا، امریکی قونصلیٹ کے قریب ایئر کوالٹی انڈیکس 686، ٹھوکر نیاز بیگ 546 اور جوہر ٹاؤن میں 534 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے اور ذاتی سواری کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا ہے۔شہر کی فضا میں خنکی اور موسم سرد و خشک ہے جبکہ ہوائیں بھی تھم چکی ہیں۔ شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
شہریوں کو فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب ملتان میں بھی فضا مضر صحت، آلودگی کی شرح 575 ہوگئی، فیصل آباد 438، پشاور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 273 ریکارڈکیا گیا، راولپنڈی 175 اور اسلام آباد میں اے کیو آئی 142 ہو گیا۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا میں آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر رہا جس کا اے کیو آئی 291 ریکارڈ کیا گیا۔