سٹی42: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بدھ کو غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے ایک نئی مہم کا آغاز کر دیا ہے جب کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لبنان میں جنگ بندی پر عملدرآمد کا ابھی بدھ کے روز پہلا دن تھا جو بظاہر بخیریت گزر گیا۔ صدر بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سیلوان نے گزشتہ روز صدر کے تبصروں کی مزید تصدیق کرتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ وہ گزہ جنگ بندی کے لئے نئی سفارتی مہم پر کام شروع کر رہے ہیں۔
جیک سلیوان نے ایک امریکی نیوز آؤٹ لیٹ کو بتایا جنوبی لبنان میں بدھ کی صبح سے پہلے شروع ہونے والی جنگ بندی کا مطلب ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ اب غزہ میں حماس کی حمایت کے لیے نہیں لڑ رہی ہے۔ اس صورتحال سے حماس پر جنگ بندی کے لئے دباؤ بڑھے گا، ۔
سلیوان نے کہا کہ منگل کو امریکی اور فرانسیسی ثالثی میں حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان ہونے سے قبل بائیڈن نے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بات کی تھی اور انہوں نے غزہ کے معاہدے کے لیے دوبارہ کوشش کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ نیتن یاہو اس موضوع پر مہینوں سے مذاکرات کاروں سے دور رہے ہیں۔
سلیوان نے بدھ کے روز کہا، "صدر بائیڈن اپنے سفیروں کو ترکی، قطر، مصر اور خطے کے دیگر اداکاروں کے ساتھ مشغول کر کے آج اس کام کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک زیادہ مستحکم مشرق وسطیٰ کے لیے ایک موقع کا آغاز ہے جس میں اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے اور امریکی مفادات کا تحفظ ہوتا رہے۔"
اسرائیل-حزب اللہ معاہدہ بائیڈن کے لیے ایک غیر معمولی کامیابی ہے کیونکہ وہ وائٹ ہاؤس چھوڑنے اور 20 جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ کو جگہ دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔
جیسے ہی انہوں نے منگل کو لبنان جنگ بندی معاہدے کا اعلان کیا، اس کے ساتھ ہی بائیڈن نے کہا کہ امریکہ، ترکی، مصر، قطر اور اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک اور دباؤ ڈالیں گے، جہاں 7 اکتوبر 2023 کو فلسطینی گروپ کے مہلک حملے کے بعد اسرائیل اب بھی حماس کے ساتھ حالت جنگ میں ہے۔ سات اکتوبر 2023 کو حماس کی دراندازی کے دوران 1200 افراد ہلاک اور 251 کو اغوا ہو گئے تھے جن میں سے ستانوے کے لگ بھگ اب تک یرغمالی کی حیثیت سے غزہ یا کسی اور علاقہ میں حماس کی قید میں ہیں اور حماس انہین بارگیننگ چِپ کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
منگل کو ایک سینئر امریکی اہلکار نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ بائیڈن انتظامیہ ترکی کو اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک نئے ثالث کے طور پر نہیں دیکھتی۔ "صدر کا مطلب یہ تھا کہ ہمارے پاس کچھ افراد اور جماعتیں ہیں جو اب ترکی میں وقت گزار رہے ہیں، اور اسی لیے [ترکی] کو شامل کیا گیا۔ لیکن (بائیڈن کا مقصد) یہ تجویز کرنا نہیں تھا کہ وہ ترکی کو ایک بروکر یا مذاکرات کار کی حیثیت سے دیکھ رہےہیں۔ صدر بائیڈن کا بیان دراصل یہ کہتا ہے کہ ہم ایسا کرنے کی کوشش میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،‘‘ امریکی اہلکار نے کہا۔
امریکہ نے اس ماہ کے شروع میں انکشاف کیا تھا کہ اس نے اکتوبر کے آخر میں قطر سے حماس کے رہنماؤں کو ملک سے بے دخل کرنے کو کہا تھا کیونکہ حماس کی طرف سے یرغمالیوں کے مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد حماس کے وہ عہدیدار قطر سے ترکی چلے گئے۔ اگرچہ امریکہ نے انقرہ کو حماس کے رہنماؤں کی میزبانی کے خلاف خبردار کیا ہے، تاہم امریکہ نے خالد مشعل کی حوالگی کی درخواست کرنے سے خود کو باز رکھاہے، جن پر امریکی فرد جرم عائد ہے۔
قطر نے حماس کے عہدیداروں کو بے دخل کرنے اور ثالثی کی کوششوں کو عارضی طور پر روکنے کے اپنے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اگر فریقین نیک نیتی سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کرتے ہیں تو وہ اس کردار کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ دوحہ نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے ایسا چاہا ہے کہ مذاکرات دوبارہ شروع ہوں۔ قطر کا مذاکرات کی میزبانی پر آمادہ ہونا اس لئے ضروری ہے کہ صرف وہی اس ضمن میں ایک قابلِ عمل آپشن ہے جو حماس کے مذاکرات کاروں کی میزبانی کا بوجھ اٹھا سکتا ہے۔
منگل کو امریکی سرکاری بریفنگ کے بعد نامہ نگاروں نے لکھا کہ منگل کی خبر کے بعد حماس کا یہ احساس کہ "حزب اللہ نے ان کو ترک کرنے اور دونوں تنازعات کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے" "زمین پر حقیقت کی ایک طاقتور تبدیلی کے مترادف ہے، اور ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ یرغمالیوں کے مذاکرات میں ایک پیش رفت کے لئے کیا یہ کافی ہے" ۔
خیال کیا جاتا ہے کہ حماس کے ہاتھوں 7 اکتوبر کو اغوا کیے گئے یرغمالیوں میں سے 97 قیدی غزہ میں موجود ہیں، جن میں کم از کم 34 اب مر چکے ہیں، اور ان کی لاشیں حماس کے پاس ہیں جن کی IDF نے تصدیق کی ہے۔
حماس نے گزشتہ سال نومبر کے آخر میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی جنگ بندی کے دوران 105 شہریوں کو رہا کیا، اور اس سے پہلے چار مغویوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔ آٹھ یرغمالیوں کو فوجیوں نے زندہ بچا لیا ہے، اور 37 مغویوں کی لاشیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں، جن میں سے تین اسرائیلی فوج کے ہاتھوں غلطی سے مارے گئے تھے جب انہوں نے اپنے اغوا کاروں سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
حماس نے 2014 اور 2015 میں غزہ پٹی میں داخل ہونے والے دو اسرائیلی شہریوں کے ساتھ ساتھ 2014 میں ہلاک ہونے والے دو IDF فوجیوں کی لاشیں بھی اب تک اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں۔ اسرائیل جنگ بندی کے عوض تمام زندہ یرغمالیوں کے ساتھ تمام مر چکے یرغمالیوں کی لاشیں بھی واپس چاہتا ہے۔
بائیڈن نے اپنی تقریر کے دوران یہ بھی کہا کہ واشنگٹن اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک طویل عرصے سے طے شدہ معاہدے پر زور دے گا۔