ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج ابوظہبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مرحوم شیخ زاید کی وژنری قیادت نے دنیا کی مختلف اقوام کے درمیان رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے کلچر کو تقویت بخشی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم شیخ زاید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شیخ زاید مسجد کا عظیم پیغام بقائے باہمی، رواداری اور دیگر ثقافتوں کے لیے کشادہ دلی کے تصورات کو اجاگر کرتا ہے، یہ پیغام متحدہ عرب امارات کے بانی کی شاندار میراث سے متاثر ہے۔ وزیر اعظم کو اسلامی ثقافت کے حقیقی جوہر کو اجاگر کرنے میں مسجد کے اہم کردار کے بارے بتایا گیا۔ شیخ زید گرینڈ مسجد جدید اسلامی فن تعمیر کا ایک شاہکار نمونہ ہے جس میں 40000 سے زائد نمازیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ شیخ زید مسجد متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہے۔
واضح رہے کہ مسجد کے دورے کے دوران نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمزی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔