حافظ شہباز: قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کی دورہ آسٹریلیا کے حوالے سےپریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہم آسٹریلیا میں جیتنے جارہے ہیں اس کے علاوہ کچھ نہیں سوچ رہا۔
محمد حفیظ نے، جنہیں لوگ نامعلوم وجوہات کی بنا پر پروفیسر بھی کہتے ہیں، اپنی نیوز کانفرنس میں چند ہفتے پہلے تک آئی سی سی کی رینکنگ میں ورلڈ نمبر ون رہنے والی ٹیم کے بارے میں "انکشاف"کیا کہ"ہم ماڈرن ڈے کرکٹ میں پیچھے رہ گئے ہیں"۔ پاکستان ٹیم کو ماڈرن ڈے کرکٹ کھیلنا ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ ایک پلان تیار کررہے ہیں جس سے کھلاڑی تیار ہوکر انٹر نیشنل کرکٹ تک پہنچیں گے ۔
لاہور میں آسٹریلیا کے دورہ سے پہلے رسمی نیوز کانفرنس میں محمد حفیظ نے جنہیں حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کا ڈائیکٹر تعینات کیا ہے، کہا کہ میں قومی ٹیم ڈائریکٹر ہوں میرا کام کوچز کو پورا پلان دینا ہے ۔ پیچھے کیا ہوا اس کا جواب دہ نہیں ہوں مستقبل میں جو ہوگا اس کا ذمہ دار ہوں۔دورہ آسٹریلیا ایک چیلجنگ ٹور ہے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس مشکل سیریز کے لئے پرجوش ہیں امید ہے کہ اچھے نتائج دیں ۔کھلاڑی آسٹریلیا میں اچھا پرفارم کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ ہم ماڈرن ڈے کرکٹ سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی حفیظ نے کہا کہ ہم آسٹریلیا میں جیتنے کے لئے جارہے ہیں، میں اس کے سوا کچھ نہیں سوچ رہا۔
سوالات کے جواب میں محمد حفیظ نے کہا کہ بابر اعظم ٹیم کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔سب سے پہلے پاکستان ہے تمام کھلاڑیوں کی پہلی ترجیح پاکستان ہونا چاہیے۔ہم نے میرٹ کو ترجیح بنایا ہے اور ہر کسی کو اس کا حق دیا جائے گا۔کوئی بھی کھلاڑی ہمارے پلان سے باہر نہیں ہے ۔میرے پروفیسر ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے سب کچھ آتا ہے انسان ہر روز سیکھتا ہے۔ بابر اعظم کے قیادت چھوڑنے کے بعد شان مسعود کپتان کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔
محمد حفیظ نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے لئے غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی کے حوالے سے پالیسی جلدسامنے آجائے گی۔لیگز کے لیے این اوسی پالیسی کھلاڑیوں کا ورک لوڈ دیکھ کر ترتیب دی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارے پلان میں ہیڈ کوچ نہیں ہے۔
قومی ٹیم کے ساتھ موقع دینے پر چیئرمین ذکا اشرف کا شکر گذار ہوں ۔
ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرزکو موقع ملنے پر خوشی ہے ۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ریڈ بال سے کھیلنے والوں کو اہمیت دینا ہوگا۔بدقسمتی سے ریڈ بال کرکٹ ہمارے کھلاڑیوں کی ترجیح نہیں ہے۔ہم ایک پلان تیار کررہے ہیں جس سے کھلاڑی تیار ہوکر انٹر نیشنل کرکٹ تک پہنچیں گے۔