(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں سیلفیاں بنانے کے رجحان میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے بسا اوقات تو سیلفی بنانے کے شوقین افراد اپنی جان تک خطرے میں ڈال دیتے ہیں اسی وجہ سے بہت سے خوفناک حادثات بھی پیش آ چکے ہیں۔
ایسا ہی واقعہ ایک بزرگ شہری کے ساتھ پیش آیا ، بزرگ شہری مگر مچھ کومجسمہ سمجھ کر اس کے ساتھ سیلفیاں بنا رہا تھا کہ اچانک مگر مچھ نے حملہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق 68 سالہ چپاڈا نامی فلپائنی شہری اپنے خاندان کے ساتھ تھیم پارک میں آیا، اسے تالاب میں 12 فٹ لمبا مگر مچھ دکھائی دیا جسے اس نے مجسمہ سمجھ لیا،چپاڈا سیلفی لینے مگر مچھ کے پاس چلا گیا لیکن یکدم مگر مچھ نے حملہ کرکے چپاڈا کا بازو جبڑوں میں دبوچا اور کھینچ کر تالاب میں لے گیا کیونکہ وہ نقلی نہیں اصلی مگر مچھ تھا۔
خوش قسمتی سے چپاڈٓا زور آزمائی کے بعد اپنا بازو چھڑانے میں کامیاب تو ہو گئے لیکن وہ زخمی ہو گئے، انہیں فوری طبی امداد پہنچائی گئی۔