لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور گھر اُجاڑ دیا

28 Nov, 2021 | 11:29 AM

(فاران یامین) شالیمار لنک روڈ کے علاقے میں قاتل ڈور ایک اور زندگی نگل گئی۔

تمام ترانسدادی کوششوں کے باوجود شہر میں پتنگ بازی کا سلسلہ تھم نہ سکا، شالیمار لنک روڈ کے علاقے میں قاتل ڈور نے ایک اور گھر اُجاڑ دیا، بوڑھے باپ کو جوان بیٹے کی میت کو کندھا دینا پڑ گیا، چھوٹے بھائی کی جدائی نے بڑے بھائی کو بھی اشکبار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق متوفی انیس سالہ اسد نے ڈی اے ای کا ڈپلومہ کیا تھا اور گلبرگ سینما میں ملازمت کرتا تھا، ہفتہ کی شب گھر واپس لوٹ رہا تھا کہ شالیمار لنک روڈ پرقاتل ڈور نے آ لیا۔ اسد چند ساعتوں میں خالق حقیقی سے جا ملا، بھائی شہزاد خان غم سے نڈھال اور انصاف کا طلب گار ہے۔

بوڑھا والد رشتہ داروں کے گلے لگ لگ کر روتا رہا،  نثارخان نے سوال کیا کہ کب تک قاتل ڈور گھر اُجاڑتی رہے گی، حکومت موثر قانون سازی کیوں نہیں کرتی۔

، قاتل ڈور کئی قیمتی زندگیوں کو نگل چکی ہے، پابندی کے باوجود پتنگ بننا، اُڑنا اور فروخت ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

مزیدخبریں