گارڈن ٹائون (زین مدنی ) خوبرو اداکارہ اریبہ حبیب کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کے مہینے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا انسٹا گرام پر اریبہ حبیب کی گزشتہ دنوں ایک وڈیو خوب وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ڈرامہ شوٹنگ کے دوران دلہن بنے بیٹھی تھیں، اس دوران ساتھی اداکار کی جانب سے ویڈیو بنانے پر اریبہ حبیب نے کیمرے میں منہ چڑایا اور عجیب و غریب شکلیں بھی بنائی تھیں، اریبہ حبیب کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہوئی تھی، یہ وائرل ہوتی ویڈیو اریبہ حبیب نے بھی اپنے انسٹا گرام اکاونٹ پر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ ان کے اندر کی خطرناک دلہن جاگ گئی ہے۔
اس ویڈیو پر معروف اداکارہ و سپر ماڈل نادیہ حسین نے کمنٹ کرتے ہوئے اریبہ حبیب سے پوچھا کہ ان کا شادی کا دعوت نامہ کہاں ہے ؟ جس پر جواب دیتے ہوئے اریبہ حبیب نے لکھا کہ آپ کو شادی کا دعوت نامہ دسمبر میں مل جائے گا۔
اریبہ حبیب کے شادی سے متعلق کیے گئے کمنٹ پر مداح انہیں اچھے مستقبل کی خوب دعائیں بھی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 اگست کو انسٹاگرام کے شوبز پیج پر اداکارہ اریبہ حبیب کی بات پکی ہونے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو ان کی شادی اور ہونے والے شوہر سے متعلق اطلاع دی گئی تھی،انسٹاگرام پر شیئر معلومات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ اریبہ حبیب سعدین عمران نامی شخص کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی۔