سٹی 42:گوگل کا معروف افسانہ و ناول نگار بانو قدسیہ کو خراج عقیدت،اپنا ڈوڈل ان کے نام کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گوگل نے بانو قدسیہ کے نام اپنا ڈوڈل جاری کرکے پاکستان کی معروف افسانہ و ناول نگار کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ بانو قدسیہ 28 نومبر1928ء کو فیروز پور بھارت میں پیدا ہوئیں ، آج انکی 92 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ بانو قدسیہ نے معروف مصنف اور ادیب اشفاق احمد سے شادی کی، اردو میں ایم اے کرنے کے دوران ہی اشفاق احمد کی حوصلہ افزائی پر ان کا پہلا افسانہ ’آمادگیٔ شوق‘ شائع ہوا۔یہ افسانہ 1950ء میں ادبی جریدے ’ادبِ لطیف‘ میں شائع ہوا۔
بانو قدسیہ اردو ادب کا وہ نام ہے جو ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا، حساس طبیعت رکھنے والی بانو قدسیہ نے اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں لکھا۔انکے ناولوں کی تعداد 30 ہے، پاکستان ٹیلی وژن کے لئے لکھے گئے ڈرامے اور نان فکشن تصانیف کی تعداد علیحدہ ہے۔ ان کے ناول ’ راجہ گدھ‘ کو اردو ادب کے بڑے ناولوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ان کی دیگر تصانیف میں شہرِ بے مثال، توجہ کی طالب، چہار چمن، امربیل، حاصل گھاٹ اور دیگر شامل ہیں۔
انہیں حکومت کی جانب سے ستارۂ امتیاز اور ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا، بانو قدسیہ 4 فروری ء2017 کو اس جہان فانی سے رحلت فرما گئیں۔