نومولود بچوں کے اغواء اور قتل پر قانون سازی کا فیصلہ

28 Nov, 2020 | 04:44 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (ریحان گل) نومولود بچوں کے اغواء اور قتل پر قانون سازی کا فیصلہ، اسلامی نظریاتی کونسل نے سخت سزاؤں کی تجویز دیدی، متعلقہ صوبائی محکموں سے قانون سازی پر رائے مانگ لی گئی۔

 معاشرے میں نومولود بچوں کے اغواء اور قتل سمیت دیگر بڑھتے سنگین جرائم کے پیش نظر اسلامی نظریاتی کونسل نے سخت سزائیں تجویز کی ہیں اور متعلقہ صوبائی محکموں سے رائے مانگ لی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے ذرائع کے مطابق کونسل نے چودہ صفحات پر مشتمل مجوزہ سزاؤں سے متعلقہ قوانین تیار کیے ہیں، نئے قوانین میں ازدواجی مسائل پر بھی قانون سازی کی تجویز دی گئی ہے، متعلقہ محکموں کو اپنی تجاویز جلد جمع کر انے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں فیس بک یو ٹیوب واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پر خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے واقعات بڑھنے لگے، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درج مقدمات میں ساٹھ فیصد سے زائد واقعات خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے رپورٹ ہوئے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ریکارڈ کے مطابق انعامات کا لالچ د ے کر لوٹنے یا بینک فراڈ کے ذریعے لاکھوں روپے سے محروم کر نے سمیت آن لائن فراڈ کے واقعات دوسرے نمبر پر رہے، مذہبی منافرت کے واقعات پر درج مقدمات تیسرے نمبر پر رہے۔

 ایف آئی اے سائبر کرائم کو رواں سال18 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ، ایف آئی اے سائبر کرائم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور صرف ایک سو چودہ مقدمات درج ہو سکے، سینکڑوں نہیں ہزاروں درخواستیں ایف آئی اے سا ئبر کرائم ونگ کی الماریوں کی زینت بن کر رہ گئیں، سائلین اپنی درخواستوں پر کارروائی کیلئے خوار ہونے لگے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبہ بھر میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور بدفعلی کے واقعات میں بھی  دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے دوران 883 بچوں کیساتھ بدفعلی جبکہ 441 بچیوں کے ساتھ زیادتی کےکیسز رپورٹ ہوئے۔ ملزمان نے زیادتی کے بعد 71 بچوں، بچیوں کو قتل کردیا جبکہ 73 بچوں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

 

مزیدخبریں