فردوس عاشق اعوان کا اپوزیشن پر کورونا پھیلانےکا الزام

28 Nov, 2020 | 11:11 AM

Azhar Thiraj

قذافی بٹ :وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ کورونا پھیلانے کا ذمہ دار ہے۔عوام کے مسترد شدہ عناصر کے دلوں میں دکھی انسانیت کیلئے رتی بھر درد نہیں۔
 
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ٹولے کی آنکھوں پر کالی پٹی بندھ چکی ہے۔ چوروں کا ٹولہ اپنی منفی سیاست کیلئے عوام کی زندگیوں کو داو پر لگا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاہ کرتوں والے پی ڈی ایم کی سیاہ کاریاں عوام کے سامنے بےنقاب ہو چکی ہیں ۔ ان عناصر نے اپنے ادوار میں کرپشن کرکے اپنے منہ پر کالک ملی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سیاہ کار آج اپنےکرتوت چھپانے کیلئے پاکستان کی ترقی پر سیاہی ملنا چاہتے ہیں ۔22 کروڑ پاکستانی لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن کی ساری جماعتیں اُلٹی بھی ہو جائیں،پھر بھی سیدھی طرح لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا ۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدارکی قیادت میں کرپشن کے کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ عوام نے ان کرپٹ عناصر کو ووٹ کے ذریعے مسترد کیا اب ناکام جلسوں میں بھی عوام انکے بیانیہ کو مسترد کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں عوام کو ان خاندانوں کی غلامی سے آذاد کرائینگے۔


 

مزیدخبریں