کینال روڈ (عثمان علیم) پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹریننگ لیب کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں، لاگت میں 34 کروڑ کا اضافہ، ترمیمی پلاننگ کمیشن دیر سے منظوری کیلئے جمع کروانے پر ترقیاتی بورڈ کے تحفظات، ٹیکنیکل رپورٹ طلب کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق ٹریننگ لیبارٹری کے ڈیزائن، سٹرکچر ، الیکٹریکل ورکس میں تبدیلی کی گئی ہے، ترقیاتی بورڈ نے بغیر بتائے اور ترمیمی پی سی ون منظور کروائے بغیر تبدیلی پر اعتراضات لگا دیئے اور منظوری سے قبل ٹیکنیکل رپورٹ طلب کر لی، ڈیزائن و سٹرکچر تبدیلی سے منصوبے کی لاگت میں 34 کروڑ کا اضافہ ہوا، ٹریننگ لیبارٹری کی تعمیر کی لاگت منظور شدہ ایک ارب 32 کروڑ سے بڑھ کر ایک ارب 66 کروڑ پر جا پہنچی۔
منصوبے کا ترمیمی پلاننگ کمیشن منظوری کے لیے جمع کروانے پر ترقیاتی بورڈ نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام کام مکمل ہیں اور لیبارٹری تقریباً تیار ہے جبکہ ترمیمی پلاننگ کمیشن منظوری کے لیے اب پیش کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی کنکشن کی مد میں 2 کروڑ، فاؤنڈیشن ڈیزائن تبدیلی پر 10 کروڑ 52 لاکھ، الیکٹریکل ورکس کی تبدیلی پر 14 کروڑ اضافی خرچ کیا گیا جبکہ آرکیٹیکچر تبدیلی پر ایک کروڑ 60 لاکھ اضافی خرچ کیا گیا۔
دوسری جانب ٹیوٹا نے لاہور میں بلندوبالا ارفع کریم ٹاور کی طرز کا سکل پارک بنانے پر وزیر اعظم سے منظوری لے لی، سکل پارک ٹیوٹاسیکرٹریٹ لاہور میں تعمیر کیا جائے گا، یہ سکل پارک پاکستان کی تاریخ میں پہلا سکل پارک ہوگا جو لاہور میں بنایا جائے گا، سکل پارک کی تعمیر پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت ہو گی،جس میں ٹیوٹا کے تمام شعبہ جات کو ایک جگہ یکجا کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق سکل پارک کی تعمیر کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کیساتھ پلان شیئر کردیا گیا ہے، جلد اس کی لاگت تخمینہ بھی سامنے آ جائے گی۔