’’جھوٹ اور نااہلی کا ٹائٹینک ڈوبنے والا ہے اس کو کوئی نہیں بچا سکتا‘‘

28 Nov, 2019 | 09:20 PM

Arslan Sheikh

( قذافی بٹ ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کا معاملہ حکومت کی ناکامیوں اور نالائقیوں کا تسلسل ہے، حکومت نے ہوم ورک کیا ہوتا تو یہ حالات نہ ہوتے، جھوٹ اور نااہلی کا ٹائٹینک ڈوبنے والا ہے اس کو کوئی نہیں بچا سکتا۔  

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے معاملے پر تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد ہی تبصرہ کریں گے لیکن نالائقوں کے ہاتھوں میں جہاز دیا گیا ہے اور یہ جہاز مکمل کریش ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست کو تلخیوں کی اس انتہا تک پہنچا دیا گیا ہے کہ کسی شخص کو اپنی بیماری ثابت کرنے کے لئے مرنا پڑتا ہے-

 انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری کی تاحال تشخیص نہیں ہو سکی ہے وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔ نالائقی اور نااہلی نے پنجاب میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں، چودہ ماہ کے عرصے میں 5 آئی جی آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑے مارے ہیں۔ عوام سے کئے وعدوں کی حکومت نے خود نفی کی ہے یہ لوگ اپنے حلقوں میں نہیں جاسکیں گے۔ غریب آدمی جھولی اٹھا کر حکومت کو بد دعائیں دے رہا ہے، ان کی اپنی پارٹی کے لوگ کہتے ہیں کہ ملک کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ مریم نواز کو اپنے والد کی تیمارداری کا حق ہے اور یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ کالا باغ ڈیم بن گیا ہوتا تو 6 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہوتی، اب بھی ہم نے اپنی سمت درست نہ کی تو حالات بگڑیں گے۔

مزیدخبریں