صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کا آئین منظرعام پر آگیا

28 Nov, 2019 | 08:45 PM

Arslan Sheikh

( شہباز علی ) پی سی بی کے نئے آئین کے تحت صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کا آئین منظرعام پر آگیا، نئے آئین کے تحت صوبے کی کرکٹ اور اس سے متعلقہ تمام امور صوبائی ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہوگی۔

پی سی بی کے نیا آئین نافذ العمل ہونے کے بعد کرکٹ بورڈ کا بڑا فیصلہ، چھ صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے لئے ماڈل آئین جاری کردیا گیا۔ صوبائی ایسوسی ایشنز کا آئین 25 صفحات پر مشتمل ہے، جس کے تحت صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ کپتان، نائب کپتان منیجرز اور ٹیم آفیشلز کی تعیناتی صوبائی ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہوگی۔ صوبے میں سٹیڈیم، گراؤنڈز اور دیگر تنصیبات کی تزئین و آرائش براہ راست صوبائی ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہوگی۔

صوبائی ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل صدر، نائب صدر، سیکرٹری اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور پر مشتمل ہوگی جبکہ کرکٹ کے اہم امور انتظامی کمیٹی چلائے گی۔ ایسوسی ایشن کی انتظامی کمیٹی میں تین منتخب نمائندے اور تین آزاد ممبرز، ایسوسی ایشن کے سپانسرز کے دو نمائندے اور صدر انتظامی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

ایسوسی ایشن کے چیف فنانشل آفیسر کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ مینز اور ویمنز سلیکشن کمیٹیوں اور ڈسپلنری کمیٹیوں کا انتخاب انتظامی کمیٹی کرے گی۔ کرکٹ ٹورنامنٹس اور گریڈ کرکٹ کروانا ایسوسی ایشنز کی ذمہ داری ہوگی جبکہ صوبائی ایسوسی ایشنزکو فنڈز، سپانسرز اور امداد لانے کی اجازت ہوگی۔ صوبائی ایسوسی ایشنز سالانہ آڈٹ کروانے کی پابند ہوں گی۔

ایسوسی ایشنز کے تمام مالی معاملات بینک اکاؤنٹس کے ذریعے چلائے جائیں گے، ایسوسی ایشنز کا صدر،نائب صدر اور سیکرٹری منتخب ہوں گے۔ ایسوسی ایشن کے امیدواروں کا انتخاب سٹی ایسوسی ایشنز کے صدور کریں گے۔ صوبائی ایسوسی ایشنز کا کوئی ملازم ایسوسی ایشنز کے انتخاب میں حصہ نہیں لے سکے گا۔

مزیدخبریں