(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے الیکڑک گاڑیاں متعارف کرانے کی درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے حکومت سےسموگ پالیسی، نئے درخت لگانے، بھٹوں اوردھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کی گئی کارروائی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
نامزد چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس مامون رشید شیخ نےدرخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شہر بھر میں آلودگی کی بڑی وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے، دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرادی گئی ہیں، پاکستان میں بھی الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق پالیسی بنائی گئی ہے لیکن عملدرآمد نہیں ہورہا۔
درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کا حکم دے۔
نامزد چیف جسٹس مامون رشید شیخ کی عدالت میں سموگ کے خاتمے کیلئے دائر درخواست پر بھی سماعت ہوئی، عدالت نے حکومت سے سموگ پالیسی، نئے درخت لگانے،بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی۔
درخواست گزار کی جانب سےموقف اختیار کیا گیا تھا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے جا رہے، محکمہ ماحولیات سمیت دیگر اداروں نے سموگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کی۔
عدالت نےقرار دیا کہ سموگ اور آلودگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، عدالت نے الیکٹرانک گاڑیوں کے ٹیکس میں چھوٹ کیلئے ایف بی آر کو نوٹس بھی جاری کردئیے۔