لیسکو چیف پیش کیوں نہیں ہوئے؟ لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کر دیا

28 Nov, 2018 | 06:15 PM

Shazia Bashir

(ملک اشرف) متنازعہ بجلی کے بل کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا، دس دسمبر کو ذاتی حیثیت میں جواب سمیت حاضر ہونے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک نےتاج انٹرنیشنل کی درخواست پرسماعت کی، عدالتی حکم کے باوجود لیسکوچیف مجاہد پرویزچٹھہ عدالت پیش نہ ہوئے۔ عدالت میں ڈائریکٹرتاج انٹرنیشنل خالد تاج نے لیسکو چیف سمیت دیگرکو فریق بناتے ہوئےموقف اختیارکیا کہ اس کی شیخوپورہ لاہورروڈ پر مل ہے جس کا استعمال سے زیادہ بل بھجوایا گیا۔ انہوں نے الیکٹرک انسپکٹرکودرخواست دی جس نےموقع پرمیٹرریڈنگ چیک کی اورتمام حقائق کومد نظرر کھتے ہوئے بل  86لاکھ سے 83 ہزار689 روپے درست کیا۔

 درخواست گزاروکیل کا کہنا تھا کہ الیکٹرک انسپکٹر کے بل درست کرنے کے باوجود ان کو ری فنڈ نہیں دیا جارہا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت لیسکو چیف کو الیکٹرک انسپکٹر کے فیصلے کے مطابق ری فنڈ دینے کاحکم دے۔ لیسکو کے لیگل ایڈوائزر کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے بل کی درستگی کردی گئی ہے۔ عدالت نے بل درست کرنے پر درخواست نمٹادی تاہم لیسکو چیف کے پیش نہ ہونے پراسے توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے دس دسمبر کو طلب کرلیا۔

مزید اہم خبریں جانئے:https://www.youtube.com/channel/UCdTup4kK7Ze08KYp7ReiuMw/videos

مزیدخبریں