اب ہونگے عوام کے مسائل فوری حل، ڈیجیٹل کمپلینٹ سنٹر کا افتتاح ہوگیا

28 Nov, 2018 | 02:00 PM

Sughra Afzal

(راؤ دلشاد) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیجیٹل کمپلینٹ سنٹر کا افتتاح کردیا، کہتے ہیں ابتدائی طور پر پولیس، محکمہ تعلیم، صحت اور ڈپٹی کمشنرآفس کو منسلک کیا گیا تاہم اس کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ میں چیف منسٹر ڈیجیٹل کمپلینٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ سکول ایجوکیشن، صحت، ڈی سی آفس اور پولیس کے حوالے سے شکایات کو ایڈریس کیا جائے گا۔ عوام کے مسائل کو تحصیل سیل اور ڈسٹرکٹ سطح پر فوری حل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے شکایت سیل کی پورٹل پر سکول ایجوکیشن کے حوالے سے شکایت درج کرانے کیلئے فون کال بھی کی۔ نام، شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور فون نمبر بھی پوچھا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل پر کام ہو رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پولیس ریفارمز کو بل کی شکل میں لا رہے ہیں، جلد ایوان میں پیش کریں گے۔

قبل ازیں چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرنےبریفنگ دیتےہوئےبتایاکہ ایک لاکھ سے زائد لوگ اس پورٹل سے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اورسترہ ہزار افراد کی شکایات کا ازالہ کیا جا چکاہے۔

تقریب میں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی، ڈپٹی کمشنر لاہور صالح سعید سمیت ہیلتھ اور ایجوکیشن افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں