سٹی42: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لئے سخت اور موثر اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت کھاد کی کسانوں کو دستیابی اور قیمت کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر کی کھاد کی ضرورت اوردستیابی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔بریفنگ کے دوران وزیر اعلیی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں یوریا کھاد کی ڈیمانڈ اور پیداوار تقریباً 65لاکھ ٹن ہے۔ ملکی پیداوار کا تقریباً 70 فیصد یوریا کھادپنجاب میں ربیع اور خریف کی فصل کے لئے استعمال ہوتی ہے۔
اجلاس میں کھاد کے نرخ میں کمی کے رحجان پر اطمینان کااظہار کیا گیا۔ اجلاس میں کسان کارڈ پروگرام میں رجسٹریشن کے لئے سپیشل ہیلپ لائن قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کاشتکاروں کو کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فول پروف طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پلانٹ سے ڈیلر تک کھاد کی فراہمی کی ڈیجیٹل سپلائی مانیٹرنگ موثر بنانے کی ہدایت کی-
اجلاس میں پیسٹی سائیڈ اور فرٹیلائزر ایکٹ میں ترامیم کی سفارشات پر غورکیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکار کو کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ روکنے میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں۔ہرکاشتکار کے مفادات کا تحفظ کرینگے۔ استحصال کسی صورت قبول نہیں -
سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمی زاہد بخاری،وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق، معاون خصوصی راشد نصر اللہ،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری فنانس، زراعت، انڈسٹری،پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام نے شرکت کی۔