تربیلا توسیع پروجیکٹ فائیو کو مکمل کرنے کے لئے اضافی وسائل بروئے کار لائیں، چئیرمین واپڈا کی ہدایت 

28 May, 2024 | 07:11 PM

سٹی42:   چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی  نے تربیلا فائیو پروجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

تربیلا کے پانچویں پن بجلی پروجیکٹ کے دورہ کے دوران  واپڈا  کے چئیرمین انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی  نے  پروجیکٹ  کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور پروجیکٹ کو 2026-2025  تک مکمل کرنے کے لئے کنٹریکٹرز کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

پروجیکٹ  پر کام کرنے والے انجینئیرز نے  چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر تعمیراتی  سرگرمیوں میں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبے کے تمام پانچ ایریاز میں تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے۔ 

26-2025 میں منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع  ہو جائے گی۔   چیئرمین واپڈا نے  کنٹریکٹر کو  ہدایت کی کہ عملدرآمد پلان کے مطابق اہداف کے حصول کے لئے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر میں مطلوبہ معیار یقینی بنایا جائے۔

تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کے ترجیحی پلان کا حصہ ہے۔منصوبے کی تعمیر کے لئے ورلڈ بنک 390 ملین ڈالر، ایشین انفرسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر فراہم کررہا ہے۔

تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے۔یہ پروجیکٹ نیشنل گرڈ کو  ہر سال ایک ارب 34 کروڑ کم لاگت پن بجلی مہیا کرے گا۔

پروجیکٹ کے مکمل ہونے پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

مزیدخبریں