سٹی42: پتوکی کے نواحی گاؤں میں خسرہ کے باعث 5 دنوں میں 5 بچوں کی ہلاکت پر صوبائی وزیر صحت کا فوری نوٹس، خواجہ عمران نذیر کی ہدایت پر ڈاکٹرز کی ٹیم پتوکی روانہ۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم وہاں جاکر تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے گی۔ ہنگامی بنیادوں پر پورے علاقے کی مانیٹرنگ کی جائیگی، اس علاقے میں خسرہ سمیت وبائی امراض کی ادویات، ویکسین ضرورت کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔ کبیروالہ واقعہ کی طرح پتوکی میں بھی بچوں کی ہلاکت پر انکوائری تشکیل دیں گے، انکوائری میں ذمہ داران کا تعین کرکے ان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔
خواجہ عمران نذیر نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے،سیکرٹری صحت علی جان خان کے ساتھ جلد اس علاقہ کا دورہ کروں گا۔
دوسری جانب ضلع قصور میں خسرہ کی وبا پر 29 مئی کو لاہور جنرل ہسپتال سے سینیئر ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل ٹیم قصور روانہ ہوگی۔
ٹیم کی قیادت پرنسپل پی جی ایم ائی پروفیسر الفرید ظفر کریں گے ۔اس حوالے سے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ خسرو سے بچاؤ اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے بدھ سے لاہور جنرل ہسپتال میں ہیلپ لائن کا بھی اغاز ہوگا اور بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 29 مئی کو میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائے گا۔