وزیراعظم کا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم

28 May, 2024 | 04:28 PM

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لوڈشیڈنگ اور بجلی چوری روکنے کے امور پر اجلاس ہوا، جس میں وزارت توانائی نے بجلی چوری اور لوڈشیڈنگ پرتفصیلی بریفنگ دی۔

 اجلاس میں  وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صرف خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، اس پر وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی چوری روکنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور لوگوں کو ریلیف دیں، بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ،بجلی چوری کےخلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ 

 اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا ذاتی طور بجلی چوری کی روک تھام پر پیش رفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتیں،قانون نافذ کرنے والے ادارےانسداد بجلی چوری مہم میں معاونت کریں، بجلی چوری کےخلاف تمام حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بجلی چوری کم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، وزیر اعظم نے علی امین گنڈاپور سے ہونے والی ملاقات میں پیشرفت کو سراہا۔

 دوران اجلاس وزیراعظم نے غیر  اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے لہٰذا نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے،بجلی چوری روکنا تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، لوگوں کو گرمی میں ریلیف دیا جائے۔

مزیدخبریں