سٹی42: پاکستان کے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آج پوری قوم یومِ تکبیر کے تاریخی دن کے موقع پر پاکستان کے ایٹمی تجربات کی 26ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ آج کے دن پاکستان کامیابی سے اپنی ایٹمی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہو گیا۔ یوم ِتکبیر ہماری قوم کی استقامت، غیر متزلزل ارادے اور علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا ثبوت ہے۔
ہاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے دن یومِ تکبیر پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں ایک ایٹمی ریاست بننے کے سفر میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہماری قیادت اور سائنسدانوں نے اس نمایاں کامیابی کو حاصل کرنے کیلئے مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ آج جب ہم اپنے اس سفر پر نگاہ دوڑائیں تو ہمیں اپنے سائنسدانوں اور انجینئرزکی محنت کا اعتراف کرنا ہوگا کیونکہ ان کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔
صدر گیلانی نے کہا کہ آج کے دن ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی کوششوں سے پاکستان ایک ایٹمی ریاست بنا۔ ہم بحیثیت اپوزیشن لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے میاں نواز شریف کے ایٹمی تجربات کرنے کی حمایت کے فیصلے کو بھی سراہتے ہیں۔ ہمیں اس کامیابی سے ہمکنار کرانے کے پیچھے درحقیقت ہماری سول اور فوجی قیادت کا اجتماعی عزم ، ہماری سائنسی قابلیت اور قومی دفاع کیلئے غیر متزلزل لگن کارفرما تھی ۔
قائم مقام صدرِ مملکت نے کہا کہ۔ اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کیلئے ہم نے بین الاقوامی معیار پر سختی سے عمل کرتے ہوئے مؤثر کنٹرول اور جامع حفاظت کیلئے اقدامات کیے ہیں۔
پاکستان کم از کم اور قابلِ اعتماد سدِ جارحیت ، طاقت کا توازن برقرار رکھنے اور جارحیت رد کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک طاقتور سدِ جارحیت اور امن کا ہتھیار ہے۔ جوہری سدِ جارحیت جنوبی ایشیا میں استحکام کی بنیاد ہے اور ہم اس اصول کوقائم رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
آج کے دن ہم دنیا میں امن اور استحکام کیلئے کام جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ آئیے ، اپنی اس کامیابی سے سبق سیکھتے ہوئے تکنیکی اور اقتصادی ترقی کے ذریعے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے مل کر کام کریں۔