ویب ڈیسک :پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا کی قیادت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بے روزگاری اور امن و امان کی صورتحال سنگین ہے۔ اس وقت گرینڈ مذاکرات کی اشد ضرورت ہے، ہمیں ملک کا سوچنا ہوگا۔ جلد حکومتی ارکان سے بات چیت کرکے ملک اور قوم کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کریں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھائے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی 7 رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ، عون عباس بپی، مراد سعید اور حماد اظہر کا نام شامل کیا گیا تھا۔