(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر درخواستیں سماعت کے لئے مقرر، لاہور ہائیکورٹ کےرجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کےلئے کاز لسٹ جاری کردی ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی، محمود الرشید کی درخواست پر 30 مئی کو سماعت کریں گے، حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے اور ٹرانسفر پوسٹنگ سے روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کی گئی،درخواست سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ۔
درخواست میں وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری قانون کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے منحرف اراکین کے ووٹ کو شمار نہ کرنے اور منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ دیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کوڈی سیٹ کیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیا کیا کہ پی ٹی آئی کے منحرف ووٹوں کے نتیجے میں حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ بنے،چیف سیکرٹری کی جانب سے حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلی تقرر بارے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا،چیف سیکرٹری کو وزیرعلی کا جاری کیا گیا نوٹی فکیشن واپس لینے کے لئے خطوط لکھے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز کا وزارت اعلیٰ کا جاری کیا گیا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے ،کیس کے حتمی فیصلے تک وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو کام سے روکنے کا حکم دیا جائے،وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی جانب سے اب تک کئے گئے اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔