چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بڑا جھٹکا لگ گیا

28 May, 2022 | 03:47 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اسلام آباد میں 16 مقدمات درج کر لیے گئے۔

تفصیلات کےمطابق وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، زرتاج گل، علی امین گنڈا پور اور خرم نواز کے نام بھی شامل ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمے میں راستوں کی بندش، کار سرکار میں مداخلت، پولیس پر حملہ اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات تھانہ آبپارہ، تھانہ ترنول، کوہسار، بہارہ کہو، رمنا، سیکرٹریٹ اور تھانہ لوہی بھیر میں درج کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت  نے امن وامان ہاتھ میں لینے والے شرپسند عناصرکےخلاف زیروٹالیرنس پالیسی اپنانے  اور اسلام آباد میں انتشار پھیلانے والے جلسے و جلوسوں کے داخلے پرمستقل پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی زیرصدارت پی ٹی آئی لانگ مارچ اور امن وامان سےمتعلق اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد، ضلع راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اورشیخوپورہ کے آرپی اوز نے شرکت کی تھی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کےلانگ مارچ میں ملک بھرمیں جانی ومالی نقصانات، پولیس، رینجرز اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی تفصیلات پیش کی گئیں، اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں اورگاڑیوں سے برآمد اسلحہ کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔

یادرہے کہ 25 مئی کو عمران خان نے جناح ایونیو اسلام آباد پہنچ کر پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب میں حکومت کو چھ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا اگر امپورٹڈ حکومت نے الیکشن کا اعلان نہ کیا تو 30 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد واپس آؤں گا، امپورٹڈ حکومت چھ دن میں اسمبلی تحلیل کر کے الیکشن کااعلان کرے۔
 
 
 

مزیدخبریں