عمر اسلم : وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے جوہری دھماکوں کی سلور جوبلی پر قوم کو مبارک دی۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہاہےکہ 28 مئی 1998 کوبلوچستان، چاغی کے پہاڑوں میں بلند ہونے والے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی جاری ہے، دفاع پاکستان کا یہ تمغہ بلوچستان کی دھرتی کے سینے پر سجا ہے۔یہ پاکستان کا اپنی آزادی، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے واضح اظہار کا تاریخی دن ہے۔
پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،پاکستان کا سرفخر سے بلندکرنے والے عظیم محب وطن وزیراعظم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور جوہری پروگرام کو پروان چڑھانے والا ہر فرد لائق تحسین ہے، یہ قوم کے ہیروز ہیں۔ ہماری مسلح افواج نے جوہری پروگرام کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ تاریخ کا سنہری باب ہیں۔
انہوں نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج پیش کرتے ھوےٗ کہا کہ آج ہم محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی تمام عمر پاکستان کے دفاع پر وار دی اور ہم اپنے اِن تمام محسنوں کو بھول نہیں سکتے جنہوں نے قوم کے مفاد کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ہم سعودی عرب سمیت اپنے برادر اور عظیم دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے معاشی پابندیوں میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔
شہبازشریف نےکہاکہ آج کا دن پاکستان کے اتحاد، یک جہتی اور ایک ہونے کا دن ہے، یہی اتحاد پاکستان کی اصل قوت ہے۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یوم تکبیر پر دس روزہ تقریبات کو قوم کے اتحاد اور پاکستان کی تعمیر، ترقی اور خوش حالی کے عزم کے ساتھ منایا جائے۔