(مانیٹرنگ ڈیسک)سعوی عرب کے ماہرین فلکیات نے کہا ہے کہ سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپرہوگا اس دوران قبلے کی درست سمت کا تعین کیا جاسکے گا۔
سورج آج پاکستانی وقت کے مطابق 12 بج کر18 منٹ پرخانہ کعبہ کے عین اوپرہوگا یعنی ایک ہی خط عمود پرہوگا جس کے باعث خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجائے گا، پوری دنیا کے مسلمان اس دوران قبلے کی درست سمت کا تعین قطب نما کے بغیرکرسکتے ہیں۔ماہرین فلکیات کے مطابق خانہ کعبہ کے اوپر سورج کا آنا اہم واقعہ مانا جاتا ہے۔
قبلے کی درست سمت کے تعین کیلئے آج مقررہ وقت پر زمین پر ایک چھڑی عمودی گاڑ دیں یا کسی عمارت کے کونے کا انتخاب کریں اور جیسے ہی یہ وقت آئے تو اس سایہ پر ایک خط کھینچ دیں اور اس خط پر عمود گرائیں اور شمال سے جنوب کی جانب زاویہ قائمہ بنائیں یہی قبلہ رخ ہوگا۔
ماضی میں قبلے کی سمت متعین کرنے کا سائنٹیفک طریقہ موجود نہیں تھا اور لوگ خانہ کعبہ پر سورج کا منظر دیکھ کر ہی قبلے کی سمت متعین کرتے تھے۔