(جنید ریاض)پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک اور انٹرپارٹ ٹو کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کردی گئی،انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحان 26 جون اور میٹرک کے 14 جولائی سے شروع ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق انٹر پارٹ ٹو کا پہلا پرچہ سائیکالوجی اور بزنس سٹیڈیز کا لیا جائے گا،انٹرپارٹ ٹو کے امتحانات کا سلسلہ12جولائی تک جاری رہے گا،12 جولائی کو حساب اور بیالوجی کے پرچے لئے جائیں گے ،14 جولائی کو میٹرک کا پہلا پرچہ عربی کا لیا جائے گا،میٹرک کے امتحانات کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا،5 اگست کو آخری پرچہ معاشرتی علوم کا لیا جائے گا،کورونا کے باعث رواں سال دونوں جماعتوں کے پریکٹیکلز نہیں لئےجائیں گے۔
مزید پڑھئے: وزارت تعلیم نےاو لیول امتحانات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
کورونا وباء کے پیش نظر جہاں تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہیں وہیں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے 40 لاکھ طلبا کے امتحانات بھی التوا کا شکار تھے، قبل ازیں محکمہ ہائر ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کا شیڈول فائنل کیاتھا، پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز 26 جون سے بارہویں جماعت کے امتحانات منعقد کرنےکا اعلان کیاگیاتھا۔
انٹرمیڈیٹ کے 15 روز بعد میٹرک کے امتحانات منعقد کیے جائیں گے، امتحانات کی ڈیٹ شیٹ دو روز میں جاری ہونے کا امکان ہے جبکہ نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات ستمبر میں لیے جائیں گے۔
کورس آؤٹ لائن سے متعلق طلبا کو سکول کالج کی جانب سے آن لائن سٹڈی کے دوران آگاہ کر دیا گیا تھا، امتحانی مراکز میں کورونا ایس او پیز سے متعلق بھی حکمت عملی طے کی جا چکی ہے۔
علاوہ ازیں برٹش کونسل کے تحت 26 جولائی سے چھ اگست تک امتحانات کا انعقاد ہوگا،وزارت تعلیم نے برٹش کونسل کو او لیول کے لئے امتحانات کی سیریز کے لئےاین او سی دے دیا ہے، حکومت نے برٹش کونسل کو کورونا ضابطہ کے تحت امتحانات کے انعقاد کی اجازت دی، وزارت تعلیم نے امتحانات کے انعقاد سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزرات تعلیم نے واضح کیا ہے کہ برٹش کونسل امتحانات کی اس سیریز کے دوران اے لیول کی طرح انتظامات کرنے کا پاپند ہوگا جبکہ ان امتحانات کے انعقاد کی اجازت دینے کا مقصد طلباء کو اے لیول میں داخلوں کیلئے موقع فراہم کرنا ہے۔