چیف سیکرٹری پنجاب پر عدالتی حکم عدولی کا ایک اور الزام

28 May, 2021 | 01:31 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) چیف سیکرٹری پنجاب  جواد رفیق ملک پر عدالتی حکم عدولی کا ایک اور الزام، لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت، جسٹس عائشہ اے ملک نے چیف سیکرٹری سے عدالتی حکم کے بارے میں وضاحت طلب کرلی۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں کی تعداد 44 ہوگئی، جسٹس عائشہ اے ملک نے پی ایچ اے کے سپروائزر محمد جاوید حامد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جیلانی پارک میں سپروائزر تھا، غفلت کے الزام پر تنزلی کرتے ہوئے سویپر بنا دیا گیا، تنزلی کے خلاف پی ایچ اے افسران کو درخواستیں دیں، شنوائی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، عدالت کے 21 فروری 2021 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جارہی۔

درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو قانون کے مطابق فیصلے کا حکم دیا، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملک اختر جاوید کو چیف سیکرٹری سے ہدایات لے کر جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔

 

مزیدخبریں