( اکمل سومرو ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت انٹری ٹیسٹ میں شرکت نہ کرنے والے امیدواروں کو پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ نہیں ملے گا، انٹری ٹیسٹ نہ دینے والے طلباء داخلے کے اہل نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں بی ایس سی انجینئرنگ کے مختلف پروگرامز میں داخلوں کے لئے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرنا لازمی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی میں رواں سال بی ایس سی کیمیکل انجینئرنگ، بی ایس سی کیمیکل انجینئرنگ (سپیشلائزیشن ان پٹرولیم انجینئرنگ اینڈ گیس ٹیکنالوجی)، بی ایس سی میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجینئرنگ کے ریگولر اور سیلف سپورٹنگ پروگرامز، بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ اور بی ایس سی انڈسٹریل انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ کے ریگولر پروگرامز میں داخلوں کی پیشکش کی جائے گی۔
ان پروگرامز میں صرف وہی امیدوار داخلے کا اہل ہوگا جس نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے انجینئرنگ پروگرامز میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی ہوگی۔
یاد رہے کہ یو ای ٹی لاہور کے انٹری ٹیسٹ میں شامل ہونے کے لئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ یکم جون ہے اور پنجاب یونیورسٹی میں بی ایس سی انجینئرنگ کے پروگرامز میں داخلوں کے لئے یو ای ٹی کے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرنا لازمی ہے۔