غریب عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا

28 May, 2020 | 08:05 PM

Arslan Sheikh

( حسن علی ) عوام پر مہنگائی بم گرانے کا سلسلہ رک نہ سکا، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے دو سو سے زائد اشیا ضروریہ پر سبسڈی ختم کر دی۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے مہنگائی کی ستائی عوام پر ایک اور بم گرانے کی تیاری کرلی۔ یو ٹیلیٹی سٹورز پر مصالحہ جات، چاول، دالیں، گھی، کوکنگ آئل، بیسن، پتی، مشروبات اور ڈبے کے دودھ سمیت دیگر اشیاء ماہ رمضان میں دی جانے والی سبسڈی ختم کردی گئی جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

یوٹیلٹی لال مرچ 200 گرام 18 روپے اضافے کے بعد 175 روپے ہوگئی جبکہ ہلدی 100 گرام 4 روپے اضافے کے بعد 35 روپے، دھنیا پاوڈر 200  گرام 9 روپے اضافے سے 90 روپے، دھنیا 9 روپے اضافے کے بعد 88 روپے، یوٹیلٹی ثابت گرم مصالحہ 50 گرام 6 روپے اضافے کے بعد 62 روپے میں دستیاب ہے۔

یوٹیلٹی گرم مصالحہ پاوڈر 50 گرام 6 روپے اضافے کے بعد 64، ثابت کالی مرچ 50 گرام 5 روپے اضافے کے بعد 55، کالی مرچ پاؤڈر 50 گرام 6 روپے اضافے سے 57 روپے اور یوٹیلٹی بڑی الائچی 50 گرام 18 روپے قیمت بڑھنے سے 180 روپے میں دستیاب ہے۔

یوٹیلٹی سٹورز پر فروخت ہونے والی دال ماش دھلی ہوئی 10 روپے اضافے کے بعد قیمت 235 روپے فی کلو کر دی گئی جبکہ بیسن 20 روپے اضافے کے بعد 160، یوٹیلٹی سپر باسمتی چاول 5 روپے اضافے کے بعد 140 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔

مختلف کمپنیوں کے مصالحہ جات سے بھی سبسڈی ختم کرکے قیمتیں 2 روپے سے 5 روپے بڑھا دی گئیں جبکہ درجہ دوم اور درجہ سوم کے کوکنگ آئل بھی 20 سے 30 روپے فی لیٹر مہنگے ہوگئے۔

چائے کی پتی 23 اور مشروبات کی قیمت میں بھی 25 روپے تک اضافہ ہوا۔ مختلف برانڈ کے ڈبے کے دودھ پر بھی سبسڈی ختم کرکے 20 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا۔

یوٹیلٹی سٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کردیا گیا ہے، تاہم یوٹیلٹی سٹورز شہریوں کے لیے سوموار سے کھولے جائیں گے۔

مزیدخبریں