سٹی 42 (وقار گھمن) کل مسالک علماء بورڈ کا اجلاس، قصور میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار، علماء کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک چائلڈ پورنوگرافی کو جنسی زیادتی کا بڑا سبب قرار دے چکے ہیں۔ پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق کل مسالک علماء بورڈ کا انتہائی اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، قبلہ قاسم علی قاسمی، مفتی عاشق حسین، سید محمود غزنوی، علامہ اصغر عارف چشتی اور قاری خالد محمود اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں قصور میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ علماء کرام نے کہا کہ حافظ سمیع الرحمٰن کے قاتل کو فوری کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور حکومت پنجاب بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی تحقیقات کرائے۔
کل مسالک علماء بورڈ کے انتہائی اہم اجلاس میں مزید کہا گیا کہ قصور میں سینکڑوں بچے ہیں جو جنسی زیادتی کا شکار ہوئے ہیں۔ کمزور عدالتی نظام کی وجہ سے مجرموں کو ریلیف مل جاتا ہے۔ حافظ سمیع الرحمٰن کے قاتل کو فی الفورقانونی تقاضے پورے کر کے سزائے موت دی جائے۔
کل مسالک علماء بورڈ کے اجلاس میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ جنسی زیادتی اور استحصال کرنے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ مغربی ممالک چائلڈ پورنوگرافی کو جنسی زیادتی کا بڑا سبب قرار دے چکے ہیں۔ پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی جائے۔
علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، قبلہ قاسم علی قاسمی، مفتی عاشق حسین، سید محمود غزنوی، علامہ اصغر عارف چشتی اور قاری خالد محمود ودیگر نے اجلاس میں نہ صرف شرکت کی بلکہ بچوں سے زیادتی کرنے والے مجرموں نشان عبرت بنانے پہ بھی زور دیا۔