نامور موسیقار طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے

28 May, 2019 | 11:13 PM

Arslan Sheikh

( سٹی 42 ) نامور موسیقار نیاز احمد طویل علالت کے باعث لاہور میں انتقال فرما گئے، نیاز احمد نے نصرت فتح علی خان کی منفرد آواز کے لیے ’’ میرا انعام پاکستان‘‘ جیسا ملی نغمہ ترتیب دیا، میڈم نورجہاں کیلئے ’’نیناں تم چپ رہنا‘‘ جیسا گیت کمپوز کیا۔

تفصیلات کے مطابق موسیقار نیاز احمد کافی عرصہ دراز سے بیمار تھے لیکن گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم زندگی کی بازی ہار گئے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ پاکستانی گلوکاروں کو اپنی موسیقار کے جادو سے پروان چڑھانے میں نیاز احمد کے نغمے آج بھی مقبول عام ہیں۔

ان کے مشہور زمانہ البم ’’کہنا اُسے‘‘ کی موسیقی نیاز احمد نے ہی ترتیب دی، عابدہ پروین کیلئے بھی دھنیں بنائیں، ’’اتنے بڑے جیون ساگر میں‘‘ جیسا ملی نغمہ کمپوز کیا، جسے الن فقیر نے اپنی آواز دی۔ محمد علی شہکی کے گائے ہوئے مقبول گیت ’’میری آنکھوں سے اِس دنیا کو دیکھو‘‘، ’’نظارے ہمیں دیکھیں‘‘ اور ’’تم سے بچھڑ کر زندہ ہیں‘‘ نیاز صاحب ہی کے کمپوزکردہ تھے۔

اسی طرح ’’دیکھ تیرا کیا رنگ کر دیا‘‘، ’’ یہ شام اور تیرا نام‘‘ اور ’’پاس آکر کوئی دیکھے‘‘ جیسے مشہور نغموں کی دھنیں بھی اُن ہی کی تخلیق ہیں۔ نیر نور، گل بہار بانو اور محمد یوسف سمیت پاکستان کے کئی معروف گلوکاروں نے اُن کے کمپوز کردہ گیت گائے۔

’’نیلام گھر‘‘، ’’خبرنامہ‘‘ اور ڈراما سیریل ’’عجائب کہانی‘‘ کے علاوہ پی ٹی وی کے لوک داستانوں پر مشتمل پروگرام کی موسیقی بھی نیاز احمد نے دی۔ وہ کافی عرصہ سے بیمار تھے جس کے بعد لاہور میں انتقال فرما گئے ہیں۔

مزیدخبریں