(شاہین عتیق) احتساب عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکلاءنے شہباز شریف کی 11جون تک پیشی کنفرم کر دی، عدالت نے دونوں ریفرنس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی ۔
احتساب عدالت میں آشیانہ سکینڈل کیس اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں رمضان شوگر مل کیس میں حمزہ شہباز پیش ہوئے، عدالت میں نیب کی طرف سے پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر جواب داخل کرا دیا، عدالت میں جواب پر اعتراض اٹھایا گیا کہ شہباز شریف عدالت کو بتائے بغیر ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔
عدالت کے استفسار پر وکلاء نے بتایا کہ شہباز شریف 11 جون کو وطن واپس آئیں گے، عدالت نے دریافت کیا کہ وکالت نامہ کس کا ہے، جس پر بتایا گیا کہ وکالت نامہ امجد پرویز کا ہے۔
عدالت کے امجد پرویز کو طلب کرنے پر وکلاء نے کہا ہم بتا رہے ہیں 11 جون کو پیش ہونگے، اس پر عدالت نے وکلاء کے مختلف سوالات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو روسٹر پر بلا لیا، عدالت نے کہا آپ اپنے کونسل کے ساتھ پیش ہوں، اس طرح بدنظمی پیدا ہوتی ہے۔