رضوان نقوی: ایف بی آر کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود فلمسٹار نور تسلی بخش جواب جمع نہ کراسکیں، اداکارہ کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرنے پر غور شروع کر دیا گیا۔
ایف بی آر نے فلمسٹار نور کا سال دوہزار تیرہ چودہ کا انکم ٹیکس آڈٹ شروع کررکھا ہے۔ ایف بی آر نے آڈٹ کیلئے فلمسٹار نور سے بنک اکاؤنٹس اور اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر رکھی تھیں۔ اداکارہ نور نے دس مئی کو ایف بی آر میں پیش ہو کرمزید مہلت مانگ لی تھی۔
اس خبر کو لازمی پڑھیں:ایف بی آر نے ماڈل و اداکارہ نور کا انکم ٹیکس آڈٹ شروع کر دیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نور کے بینک اکاؤنٹس میں سال دوہزار تیرہ چودہ کے دوران جمع کرائے گئے تین کروڑ چھیانوے لاکھ روپے سے متعلق تفصیلی جواب جمع کرانے کیلئے اٹھائیس مئی تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ ایف بی آر نے ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود جواب جمع نہ کرانے پر اداکارہ نور کے خلاف یک طرفہ کارروائی کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔