ویب ڈیسک : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شہباز شریف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیرِ اعظم کو علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورت حال اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کی ضروریات پر بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع، گوادر بندرگاہ سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری کو سیکیورٹی کی فراہمی اور علاقائی امن کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا، کہا کہ حکومت معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی افادیت کے پیش نظر اس کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔
وزیر اعظم نے تربت نیول ائیر بیس پر دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، کہا کہ پوری قوم اپنی جرات مند سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔