ویب ڈیسک: وزیراعظم عمران خان نے ق لیگ کو پنجاب میں وزارت اعلیٰ دینے کے فیصلے کے بعد ایم کیو ایم کو بھی بڑی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان جاری بات چیت مثبت رہی اور تقریبا تمام معاملات طے پاگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اپنے اتحادیوں کو بڑی آفر کردی ہے۔اس کے علاوہ اتحادیوں کے تحفظات کو سن کر حتمی فیصلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے چودھری پرویز الہیٰ کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی پیشکش کے بعد ایم کیو ایم کو گورنر سندھ کے ساتھ پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ بی اے پی کو وفاقی کابینہ میں حصہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی بڑی پیشکش کے بعد حکومتی اتحادی اپوزیشن کے ساتھ نہیں جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پرویز الٰہی آئندہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری پرویز الہی اور وزیراعظم کی ملاقات حتمی فیصلے بتانے کیلئے ہی ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے چودھری پرویز الٰہی کو بنی گالہ بلایا اور حکومت پنجاب کی وزارت اعلیٰ پرویز الٰہی کو دینے اور عثمان بزدار کو ہٹانے پررضا مندی کا اظہار کیا۔