(سٹی42) وزیراعظم عمران خان کا کورونا سے متعلق قوم کے نام پیغام جاری، ان کا کہناتھا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں سے زیادہ خطرناک ہے، قوم سے اپیل کرتے ہوئے ان کاکہناتھا کہ ایس اوپیز کو خیال رکھیں، تمام لوگ ماسک کا لازمی استعمال کریں، شادیوں میں جانے سے پرہیز کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پہلی دو سے زیادہ خطرناک ہے، وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں احتیاط نہیں کی اس لئے کورونا میں مبتلا ہوا، میں نے وہ احتیاط نہیں کی جو کرنی چاہئے تھی اور مجھے کورونا ہو گیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگ ماسک کا لازمی استعمال کریں، ماسک پہن کر آپ کرونا وبا سے بچ سکتے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ لاک ڈاؤن نہیں لگا سکتے ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں، ملک بند نہیں کر سکتے ہیں لیکن احتیاط تو کر سکتے ہیں، ہسپتال میں کورونا کے مریضوں سے بھرتے جا رہے ہیں ، ایک سال ہو گیا لیکن لوگ کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے ، کورونا ویکسین کی دنیا میں کمی آ گئی ہے ،کورونا ویکسین کی کمی کی وجہ سے ہمیں دنیا نے مزید ویکسین نہیں دی۔
وزیراعظم نے مزید تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شادیوں اور ریسٹورنٹ میں جانے سے گریز کریں، فیکٹریاں اور کاروبار بند نہیں کر سکتے ، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر اور میری اہلیہ پر بڑا کرم کیا، کورونا وائرس سینے میں چلا جائے تو انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کورونا سے مسلسل ریکور ہو رہے ہیں ، وزیراعظم کے لیب پیرامیٹرز مستقل رہے ہیں ، وزیراعظم کو کام دوبارہ شروع کرنے کا مشورہ دیاگیا ہے ، وزیراعظم آئندہ چند روز میں کام کی روٹین دوبارہ بحال کر پائیں گے ۔ان کاکہناتھا کہ یہ قومی و بین الاقوامی گائیڈلائنز کے مطابق ہوگا۔