قذافی بٹ: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان صرف ضرورت کا رشتہ تھا، ن لیگ خسارے میں رہی، مریم نواز آصف زرداری کا غصہ حکومت پر مت نکالے۔
دارالامان لاہور کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول اور مریم اب ایک دوسرے کو سلیکٹیڈ کہہ رہے ہیں، ان نابالغ بچوں نے ابھی مزید دھکے کھانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی فوتگی ہوچکی جس کی تدفین اب مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ تشویش ناک حد تک پہنچ چکا ہے مگر عوام اسے سنجیدہ لینے کو تیار نہیں۔
این سی او سی کے اجلاس میں مکمل لاک ڈاؤن سمیت تمام آپشنز پر غور کرکے فیصلہ کیا جائے گا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دارالامان ہمارے معاشرے کی حقیقی تصویر پیش کررہا ہے، معاشرتی ناہمواریاں اور سماجی رویے خواتین کو یہاں پہنچنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ سوشل ویلفیئرکے ساتھ ملکر ان مسائل کے حل کیلئے جلد پالیسی تشکیل دیں گے۔