عثمان علیم: مہنگائی کے ستائے شہریوں پر کورونا کا ایک اور وار، ٹرانسپورٹرز کی جانب سے انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 70 فیصد تک اضافے کا فیصلہ، ایس او پیز پر عملدرآمد کرواتے ہوئے متعدد ٹرانسپورٹرز نے بسوں میں دو سیٹوں پر ایک مسافر بٹھانا شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے فیصلے پر انتظامیہ نے شہر میں موجود انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد مسافر بٹھانے کے ایس او پیز پر عملدرآمد شروع کروا دیا۔ عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اس پرمتعدد ٹرانسپورٹرز نے سواریاں تو کم کر دیں، مگر کرایوں میں 70 فیصد تک اضافہ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ٹرانسپوٹرز کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اعتماد میں لئے بغیر کارروائیاں شروع کر دیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد شروع کروا دیا ہے جس کی وجہ سے کرائے 70 فیصد بڑھانے پڑ رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کے فیصلوں پر نئے کرایوں پر عملدرآمد کیا جائے گا، اگر اس پر بھی انتظامیہ نے کوئی کارروائی کی تو ٹرانسپورٹ بند کرنے کے سوا کوئی چارا نہیں ہوگا۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ بوجھ برداشت نہیں کر سکتے، مسافروں کو ریلیف دیا جائے۔ معاشی طور پر پہلے ہی بہت پریشان ہیں۔ خود ساختہ کرائے بڑھانے سے یقیناً مہنگائی کے ستائے شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔