(ریحان گل) کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کا سامنا، مزدور طبقے کی مالی امداد کےلیےلائحہ عمل تیار، محکموں سےحاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر مالی مدد دی جائے گی، جبکہ بے روزگار ہونے والے مزدور خود بھی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
پنجاب حکومت نےلاک ڈاؤن کے دوران متاثر یا بے روزگار ہونے والے مزدور طبقے کی مالی امداد کا پیکج تیار کرلیا ہے، مالی امداد دینے کے لیے دو طریقہ کار طے کیے گئےہیں، جن کے مطابق متعلقہ محکموں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر مالی مدد دی جائے گی اور مزدوروں کو سیلف رجسٹریشن کی سہولت بھی ہوگی۔
محکمہ لیبر اور سوشل سکیورٹی نے کم از کم اجرت لینےوالے 5 لاکھ افراد کا ڈیٹا فراہم کردیا ہے، سوشل پروٹیکشن اتھارٹی تمام فہرستوں کی سکروٹنی کرے گی اورمقررہ معیار پر پورا اترنے والے مزدوروں کو مالی مدد دی جائے گی۔
دوسرے طریقے کے مطابق مزدور" سیلف رجسٹریشن ماڈل " کے ذریعے خود بھی رجسٹریشن کرا سکیں گے، مزدوروں کے کوائف کی تصدیق کے بعد مالی مدد دی جائے گی، لاک ڈاؤن کے دوران بے روزگار ہونے والےافراد کو 6 ماہ تک 4 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی مالی مدد دینے جبکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی راشن دینےکی پابند ہو گی۔
واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے190 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس سے 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 27 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے ڈیرے ڈال لیے، وائرس سے 11 مریض ہلاک جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1408 ہوگئی، پنجاب کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں سندھ سے بھی آگے نکل گیا، ڈی جی خان میں 207 مریض سامنے آئے ہیں، سندھ میں 457، خیبر پختونخوا میں 180 ، بلوچستان میں 133 اور اسلام آباد میں 39 افراد کورونا کا شکار ہیں۔ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 107 اور آزاد کشمیر میں 2 ہوگئی، پنجاب میں مریضوں کی تعداد 490 سے تجاوز کر گئی ہے