سروسز ہسپتال میں زیر علاج 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

28 Mar, 2020 | 08:33 AM

Sughra Afzal

جیل روڈ(زاہد چودھری) کورونا وائرس کا خطرہ  صوبائی دارالحکومت لاہور  میں بڑھنے لگا، لاہور میں کل تعداد116 ہوگئی، میوہسپتال میں کورونا کا ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ پنجاب میں497  افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سروسزہسپتال میں کورونا کے 241 مشتبہ مریض زیرعلاج ہیں، 241 میں سے 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، چاروں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

سروسز ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر افتخار احمد نے ہسپتال میں کورونا وائرس کے علاج معالجے سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 241 میں سے 30 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، سروسز ہسپتال کے او پی ڈی بلاک کو مکمل کورونا سنٹر بنا دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ سروسز ہسپتال کے او پی ڈی بلاک کو کورونا سنٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور کھانسی ، زکام اور بخار کی علامات کے حامل مریضوں کی سکریننگ اور علاج کے تمام انتظامات او پی ڈی بلاک میں مکمل کر لئے ہیں۔

ایم ایس سروسز ہسپتال نے بتایا کہ کورونا وائرس کے شکار مریضوں کے علاج معالجے پر مامور ڈاکٹرز ، نرسز اور عملے کو تمام تر حفاظتی کٹس فراہم کی گئی ہیں۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر  نےعوام سے گزارش کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آئے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں،متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔

مزیدخبریں