سٹی42: دنیا کی خطرناک ترین خاتون پیشہ ور قاتلوں، منشیات کے سمگلروں یا بینک لوٹنے کے ماہر ڈاکؤں کے کسی گروہ کی سرغنہ نہیں، شاید اس نے زندگی میں کبھی تشدد کیا ہی نہ ہو تب بھی وہ دنیا کی خطرناک ترین خاتون مجرم سمجھی جاتی ہے اور اس کے متعلق معلومات فراہم کرنے پر امیرکہ کی سیکیورٹی سروسز نے 5 ملین ڈالر کا انعام رکھ دیا.
اس خاتون کا نام روجا اگناٹووا ہے اور اس وقت وہ دنیا کی سب سے زیادہ مطلوب خاتون ہے۔ یہ خاتون خطرناک ترین اس لئے ہے کہ یہ مالیاتی فراڈ کی ماہر ہے اور اس کی فراڈ سکیمیں لاکھوں کروڑوں افراد کے لٹ جانے کا سبب بن چکی ہیں۔
ایف بی آئی نے اس خاتون کے بارے میں صرف معلومات دینے پر پہلےایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا، اب اس انعام کو بڑھا کر 5 ملین ڈالر کردیا ہے۔ روجا اگناٹووا کو تاریخ کی سب سے بڑی گلوبل فراڈ سکیموں میں سے ایک کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔
گمشدہ کرپٹو کوئین
اس خاتون کو ’لوسٹ کرپٹو کوئین‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ وہ انکرپٹڈ ڈیجیٹل کرنسیوں میں انویسٹمنٹ کرنے والے افراد کے ساتھ بڑے فراڈ کی کارروائیوں میں ملوث ہے جس کے باعث وہ اب ’دنیا کی خطرناک ترین خاتون‘ بن گئی ہے۔
بلغاریہ میں پیدا ہونے والی، جرمن شہریت رکھنے والی روجا اگناٹووا اب تک کے سب سے بڑے کرپٹو کرنسی فراڈز میں سے ایک کی ذمہ ار ہے، اس نے 2014 میں "OneCoin " جعلی کرپٹو کرنسی فروخت کر کے سرمایہ کاروں سے 4 بلین ڈالر اینٹھ لئے، 43 سالہ روجا اگناٹووا 2017 میں غائب ہو گئی اور اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ تب سے قانون نافذ کرنے والے ادارے سے تلاش کر رہے ہیں۔ 2022 سے وہ امریکہ میں ایف بی آئی کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے۔
پلاسٹک سرجری سے شکل بدلنے کا خدشہ
ایف بی آئی نے روجا اگناٹووا کی تصویر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اِگناٹووا مسلح محافظوں کے ساتھ سفر کرتی ہے اور ہو سکتا ہے اِگناٹووا نے پلاسٹک سرجری کروائی ہو یا کسی دوسرے طریقے سے اپنی شکل میں تبدیلی کرلی ہو۔ ایف بی آئی کا خیال ہے کہ ممکن ہے کہ وہ روس، یونان اور مشرقی یورپ جیسے مختلف ممالک کا سفر کرنے کے لیے جرمن پاسپورٹ استعمال کر رہی ہو،
کیا وہ مر چکی ہے؟
یہ قیاس بھی ہے کہ اسے بلغاریہ کے کسی ایسے مافیا نے قتل کردیا ہو جسے اس کی کمائی ہوئی چار ارب ڈالر رقم سے دلچسپی ہو۔
ایف بی آئی کے مطابق اِگناٹووا کو آخری مرتبہ 25 اکتوبر 2017 کو صوفیا سے ایتھنز جاتے ہوئے ریان ایئر کے طیارے میں دیکھا گیا تھا، اس وقت وہ اپنے امریکی بوائے فرینڈ کے اپارٹمنٹ سے اس وجہ سے فرار ہوئی تھی کہ اسے معلوم ہوگیا تھا کہ اس کا بوائے فرینڈ ایف بی آئی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ 2018 میں ایک قتل ہونے والے بلغاریائی پولیس اہلکار کے قبضے سے ملنے والی دستاویزات سے اندازہ ہوا کہ اِگناٹووا کو مافیا کے باس کی نجی یاٹ پر مار دیا گیا ہو گا۔
ان دستاویزات سے شبہ ہوتا ہے کہ اِگناٹووا کی لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے سمندر میں پھینک دیا گیا تھا، تاہم اس معلومات کے ذریعے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جب اس نے یہ باتیں بتائیں تو وہ بہت زیادہ نشے میں تھا، اس لیے ایف بی آئی اب بھی یہ فرض کر رہی ہے کہ اِگناٹووا زندہ ہے۔ اسے تلاش کرنے یا اس کے متعلق کارآمد معلومات حاصل کرنے میں ایف بی آئی اتنی گہری دل چسپی رکھتی ہے کہ اس کے لئے وہ 50 لاکھ ڈالر ادائیگی کرنے کے لئے تیار ہے۔