اویس کیانی : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں بجٹ 2024-25 پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا ۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے بعد ملاقات ہوئی، جس میں وزیرِ اعظم نے وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، ایف بی آر اور تمام متعلقہ وزارتوں کے افسران کی بجٹ کی تیاری کیلئے کوششوں کو سراہا.
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت، اتحادی ارکان اور حزب اختلاف سب نے بھرپور حصہ لیا، امید کرتے ہیں بجٹ 2024-25 پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا. پوری کوشش کی کہ موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عام آدمی کو ذیادہ سے ذیادہ ریلیف دیں. بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پینشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا گیا، بجٹ میں صحت، تعلیم، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی. انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اور ٹیکس نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، ایسا ممکن نہیں کہ غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں.
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہے. الحمد للہ پاکستان کی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے. حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے. ترجیحی بنیادوں پر اداروں میں اصلاحات اور ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کی نجکاری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں.