ویب ڈیسک : امریکی کانگریس کی قرار داد کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظورہو گئی۔
امریکی ایوان نمائندگان کی پاکستان سے متعلق قرارداد کے جواب میں قرارداد کی تحریک قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، قرار داد رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے پیش کی جس کو ایوان سے منظور مل گئی، قرارداد کے مطابق ایوان امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، پاکستان کے الیکشن میں کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا، ایوان فروری 2024 کے انتخابات میں پاکستانیوں کے ووٹ کے استعمال کے بارے میں ریمارکس پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان امریکہ اور عالمی دنیا سے غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے، ایوان امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر باہمی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے، ایوان مستقبل میں امریکی ایوان نمائندگان سے مثبت کردار کی توقع رکھتا ہے۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کی گئی، سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ایوان میں شدید نعرے بازی اور شور شرابا کیا۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان میں قرار داد 901 پاس کی گئی جس میں پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات سمیت جمہوریت کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کیا گیا، قرارداد کے ذریعے امریکی صدر سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں، مزید براں قرارداد میں پاکستان کے جمہوری اداروں اور انسانی حقوق کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔