ویب ڈیسک : بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ، اداکارہ نے مداحوں سے دُعاؤں کی درخواست کردی۔
بھارت کی معروف اداکارہ حنا خان نے اپنے اانسٹاگرام پر افسوسناک پوسٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں اور مجھے ہمیشہ صحت یاب دیکھنا چاہتے ہیں، میں اُنہیں بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے اسٹیج تھری بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
اداکارہ حنا خان نے کہا کہ اس موذی مرض کی تشخیص کے باوجود ، میں سب کو یقین دلانا چاہتی ہوں کہ میں اس بیماری پر قابو پانے کے لیے پُرعزم اور مضبوط ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرا علاج شروع ہوگیا ہے، میں چھاتی کے کینسر کو شکست دینے کے لیے ہر جنگ لڑوں گی اور مجھے یقین ہے کہ میں کامیاب بھی ہوجاؤں گی۔
حنا خان نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ میرے اس مشکل وقت میں آپ میری رازداری کا احترام کریں گے، میں آپ کی محبت اور پیار کے لیے بےحد شکرگزار ہوں ، میں اپنے پیاروں اور فیملی کے ساتھ، اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینسر کو شکست دوں گی، مجھے اللہ کی ذات پر اور اپنی مضبوطی پر بہت یقین ہے۔
اُنہوں نے اپنے دوستوں اور مداحوں سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاؤں کی اپیل بھی کی۔
حنا خان کے انکشاف کے بعد ، شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے اداکارہ کی صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔