سٹی42: ایجوکیشن اتھارٹیز پرائیوٹ سکولوں کو رجسٹرڈ کرنے میں ناکام، لاہور میں غیر رجسٹرڈ سکولوں کی تعداد 993 پر پہنچ گئی۔ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سکولوں کو رجسٹریشن کیلئے تین روز کی مہلت دے دی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی نااہلی کے باعث صوبہ بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز پرائیوٹ سکولوں کو رجسٹرڈ کرنے میں ناکام رہی، صوبہ بھر میں 45 ہزار سکولز غیر رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
جس میں سے لاہور میں 993 سے زائد سکولز غیر رجسٹرڈ ہیں۔غیر رجسٹرڈ سکولوں میں قابل اساتذہ نہ ہونے کے باعث لاکھوں بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا۔
لاہور میں موجود 993 غیر رجسٹر سکولوں کو تین روز میں دستاویزات جمع کروانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔انھیں دستاویزات جمع کروانے کیلئے تین دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔تین روز میں ریکارڈ جمع نہ کروایا تو متعلقہ سکولوں کو سیل کردیا جائے گا۔
سکول مالکان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں پرائیوٹ سکولوں کی رجسٹریشن کیلئے آن لائن پورٹل میں تکنیکی خرابی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ سکول رجسٹریشن کیلئے درخواست جمع کرواتے ہیں تو پورٹل غلط ڈیٹا فیڈ کرتا ہے۔