عیدالاضحیٰ قربانی، مساوات اور ہمدردی کے جذبے کی علامت ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا عید پر پیغام

28 Jun, 2023 | 11:17 PM

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کا گوشت غریبوں میں تقسیم کریں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کی امداد کریں، عید پر ایسے لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو گزشتہ برس سیلاب کی تباہ کاریوں سے بے گھر ہوئے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتاہوں، اللہ ہماری قربانیوں اور عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

وزیراعظم نے اپنے عید کے پیغام میں کہا مجھے احساس ہے کہ پاکستان اس وقت مہنگائی کی زد میں ہے، مہنگائی زیادہ تر بیرونی عوامل سے پیدا شدہ افراطِ زر اور کساد بازاری کے اثرات کی بدولت ہے۔ حکومت اپنی تمام توانائیاں عوامی ریلیف پر صرف کر رہی ہے، بجٹ میں بھی تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور مزدور کو جس قدر ہو سکا ریلیف دیا ہے۔

ٹدریں اثنا ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا عیدالاضحیٰ قربانی، مساوات اور ہمدردی کے جذبے کی علامت ہے۔ یہ سماجی و اقتصادی عدم مساوات کو کم کرکے اتحاد کو فروغ دیتی ہے اور ہمدردی اور اللہ تعالی کے سامنے مکمل ہتھیار ڈالنے کے جذبات پیدا کرتی ہے۔ اس رسم کی صحیح تعمیل ہم سے تقویٰ اور پاکیزگی کی زندگی اپنانے کا تقاضا کرتی ہے۔

عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر، میں بالعموم مسلمانوں اور بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جو آج یہ تہوار منا رہے ہیں، کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ ان کی زندگیوں میں سکون اور خوشحالی عطا فرمائے! آمین

مزیدخبریں