علی ساہی: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کے نڈر جانبازوں کیلئے تمغہ بہادری ( Gallantry medal) کے اجرا کا اعلان کر کے اپنی فورس کو بڑی عید پر بڑا تحفہ دے دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ عید کے بعدکریمینلز کے خلاف غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کو تمغہ بہادری ( Gallantry Medal) دینے کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں ۔
بہادری میڈل جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے والے دلیر افسران و اہلکاروں کو دیا جائے گا۔ بہادری گولڈ میڈل کے ساتھ کیش ایوارڈ بھی بطور انعام دیا جائے گا ۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ صرف شہدا اور زخمی ہی میڈلز کے حقدار نہیں اورمیڈلز کا صرف وفاقی حکومت کی طرف سے دیا جانا ہی لازم نہیں ہے۔
آئی جی پنجاب نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں برس پنجاب پولیس نے ڈکیتیوں، دہشت گردوں، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشنز میں گذشتہ سال کی نسبت چار گنا زیادہ گولیاں کھائیں۔ کچے کے علاقہ میں آپریشن میں حصہ لینے والے جانبازوں کی بلٹ پروف جیکٹس گولیوں سے چھلنی ہیں، پولیس کے اے پی سیز پر متعدد مرتبہ راکٹ لانچرز سے حملے ہوئے ۔ سی ٹی ڈی، پٹرولنگ ، سپیشل برانچ، سپیشل پروٹیکشن یونٹ، ڈولفن، پیرو کے جوانوں نے گولیاں کھائیں، تھانوں پر حملوں کو ناکام بنایا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اور خدمت کے دوران کسی مقام سے پیچھے نہیں ہٹی ۔
انہوں نے بتایا کہ تمغہ بہادری کے علاوہ پولیس اہلکاروں کو ان کی کارکردگی کی بنا پر قائد اعظم پولیس میڈل، پی پی ایم، شہدا اور غازی میڈلز دینے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
ایوارڈ کمیٹی ہر ضلع سے تمغہ بہادری ( Gallantry medal) کیلئے میرٹ پر افسران و اہلکاروں کا انتخاب کرے گی، آئی جی پنجاب
ایوارڈ یافتگان کو فیملی کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس مدعو کرکے باعزت انداز اور پروقار تقریب میں یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔
پنجاب پولیس کو عید الاضحٰی کی سکیورٹی کے بعد محرم الحرام کے پر امن انعقاد سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے اپنی فورس کو ہدایت کی کہ پولیس افسران و اہلکار بھرپور محنت و فرض شناسی سے فرائض سر انجام دیتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔