مالاکنڈ : داماد کی سسرال میں گھس کر فائرنگ، خواتین ، بچوں سمیت 9 افراد قتل

28 Jun, 2023 | 02:55 PM

ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں داماد نے سسرال میں گھس کرفائرنگ کرکے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد کو قتل کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملاکنڈ کے نواحی علاقے بگردرہ خار میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 4 خواتین اور 3 مرد اور دو بچے شامل ہیں،12سال کا بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا،مقتولین میں ملزم کی بیوی بھی شامل ہے،لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بٹ خیلہ ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

 قتل کئے گئے تمام افراد اپنے گھر میں سوئے ہو ئے تھے کہ ملزم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا، ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے،

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز کی نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بٹ خیلہ اسپتال منتقل کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد خان کے مطابق واقعہ رشتے کے تنازعے کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے، ملاکنڈ لیویز نے تفتیش شروع کر دی اور بہت ہی جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

گزشتہ رات رونما ہونے والے دلخراش واقعے کے خلاف ورثہ اورعلاقہ مکینوں نے لاشیں پیران کے مقام پرسڑک پررکھ کراحتجاج کیا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ 9 افراد کے قتل میں ملوث ملزم کو جب تک گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک لاشوں کو نہیں دفنایا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنربٹ خیلہ شکیل احمد خان نے مظاہرین سے مذاکرات کئے، ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم ساتھیوں سمیت بریکوٹ سوات سے گرفتارکیا ہے جسے آج میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں