لاہور میں سترہویں صدی کےمکان اصلی حالت میں بحال

28 Jun, 2021 | 11:57 AM

Arslan Sheikh

حسن خالد: لاہور میں سترہویں صدی کے مغل طرز تعمیر کے مکانات کو اصلی حالت میں بحال کر دیا گیا۔ مسجد وزیر خان سے ملحقہ مکانات خستہ حالی کا شکار تھے۔ امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگز اقر صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے مکانات کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق مسجد وزیر خان سے ملحقہ مغلیہ دور کے مکانات بحالی کے بعد اپنے شاہانہ دور کو واپس لوٹ آئے ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں سے خستہ حالی کا شکار تاریخی گھر امریکی سفارتخانہ،محکمہ اوقاف اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی مشترکہ کاوشوں سے اپنی اصل حالت میں بحال ہو چکے ہیں۔ لاہور کے اندرون شہر میں تاریخی ورثے کی بحالی کے اس منصوبے کا آغاز اگست 2019 میں کیا گیا تھا جو کہ اپریل 2021 میں مکمل ہوا۔
امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگیز کا کہنا تھا کہ تاریخی مکانات کو بحال کرنے میں امریکی اعانت پر فخر ہے، تاریخی مقامات لاہور شہر کی شاندار تاریخ کے لیے دلیل کا درجہ رکھتے ہیں۔

صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ اور تاریخی عمارات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ مسجد وزیر خان اور اس سے ملحقہ تاریخی مکانات کی بحالی کے اس منصوبے میں 14 لاکھ ڈالر خرچ کئے جاچکے ہیں۔بحالی کے ایسے منصوبے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ کرتے ہیں وہیں ملک کے مذہبی تنوع کے آئینہ دار ہیں۔ 

مزیدخبریں